16 مئی ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم سے اچھی توقعات ہیں، لگتا ہے ٹیم آگے تک جائے گی۔
نیویارک کا نساؤ اسٹیڈیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے تیار ہوگیا، ایتھلیٹ یوسین بولٹ اور لیجنڈ کرکٹرز اسٹیڈیم کی پہلی جھلک دیکھنے کیلئے گراؤنڈ پہنچے۔
اسٹیڈیم کی پہلی جھلک دیکھنے والے اسٹارز میں پاکستان کے شعیب ملک، انگلینڈ کے لیام پلنکٹ، ویسٹ انڈیز کے سر کرٹلی ایمبروز، یو ایس اے ٹیم کے کورے اینڈرسن بھی شامل تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ابھی سیریز جیتی ہے، قومی کھلاڑی ابھی اچھی فارم میں بھی ہیں، ورلڈکپ میں آغاز اچھا کریں گے تو فائدہ ہوگا، لگتا ہے ٹیم آگے تک جائے گی۔
شعیب ملک نے کہا کہ اگر انگلینڈ سے سیریز جیتتے ہیں تو ورلڈکپ کے لیے اعتماد ملے گا،عماد وسیم اور محمد عامر کا ٹیم میں ہونا پاکستان کے لیے اچھا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو زیادہ سے زیادہ اعتماد دیں، ایونٹ میں ہار جیت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں پہلی بار میچ ہوگا۔جو کنڈیشن سمجھے گا اس کو فائدہ ملے گا، سنا ہے اس وکٹ پر باؤنس ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب رسک لے کر کھیلتا ہے،ان میں بہت ٹیلنٹ ہے، اگر ہائی اسکورنگ گیم ہوں گے تو صائم کے ساتھ ہی اوپننگ کرنی ہوگی، اگر وکٹ سلو ہوئی اور 160 رنز بن رہے ہوں تو بابر اور رضوان کے ساتھ جاسکتے ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ بطور کرکٹ ہم پاک بھارت میچ کو صرف میچ کے طور پر دیکھتے ہیں،میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ساتھ بیٹھتے ہیں کھاتے پیتے ہیں۔
یاد رہے کہ نیویارک کا نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم پاک بھارت میچ سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔