Time 27 جون ، 2023
پاکستان

اب شوہر کے فلاحی کاموں کو آگے بڑھاؤں گی: اہلیہ شہزادہ داؤد

زندگی میں کبھی بھی یہ جملہ نہیں سننا چاہتی کہ ہمارا رابطہ منقطع ہوگیا ہے : کرسٹین داؤد کا بی بی سی کو انٹرویو/فوٹو بشکریہ بی بی سی
زندگی میں کبھی بھی یہ جملہ نہیں سننا چاہتی کہ ہمارا رابطہ منقطع ہوگیا ہے : کرسٹین داؤد کا بی بی سی کو انٹرویو/فوٹو بشکریہ بی بی سی  

بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے  والی بدقسمت  آبدوز  کے سیاحوں میں شامل شہزادہ داؤد کی اہلیہ کرسٹین داؤد کا کہنا ہے کہ بیٹے سلیمان داؤد اور  شوہر  شہزادہ داؤد کو کھونے کا مداوا کوئی نہیں کرسکتا۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو دیےگئے انٹرویو کےدوران کرسٹین داؤد   کا کہنا تھا کہ شوہر شہزادہ داؤد نے  بہت سے شاندار منصوبے شروع کیے اور  فلاحی طور پر کئی لوگوں کی مدد کی، میں اب شوہرکے فلاحی سفر کو جاری رکھنا چاہوں گی۔

'شہزادہ داؤد ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے بچوں کی طرح پرجوش تھے'

کرسٹین داؤد نے  آبدوز میں روانہ ہونے سے قبل کا ذکر کرتے ہوئے  بتایا کہ شہزادہ داؤد ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنےکیلئے بچوں کی طرح پرجوش تھے، آبدوز کے لاپتہ ہونےکے 96 گھنٹے گزر جانے کے بعد مایوس ہوگئی تھی اور خود کوکسی بھی بری خبر کیلئے ذہنی طور پر تیار کرنے لگ گئی تھی لیکن بیٹی علینا  آبدوز کی باقیات ملنے تک پرامید تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  شوہر اور بیٹے کی بہت یاد آتی ہے اور شاید اب زندگی میں کبھی بھی یہ جملہ نہیں سننا چاہتی کہ ہمارا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

اسی انٹرویو کے دوران کرسٹین نے  انکشاف کیا تھا کہ سلیمان کیونکہ سمندر کی گہرائیوں میں روبک کیوب حل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنانا چاہتا تھا یہی وجہ تھی کہ وہ سانحے کے روز اپنا روبک کیوب اپنے ساتھ لےگیا تھا۔

فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

واضح رہےکہ 22 جون کو بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ  آبدوز ٹائٹن کا ملبہ ملنےکے بعد آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے اس میں سوار 2 پاکستانیوں سمیت پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کی تھی۔

آبدوز ٹائٹن کے ساتھ کیا ہوا ہوگا؟

بحر اوقیانوس میں غرقاب ہونے والی آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشین گیٹ کے شریک بانی گیولرمو سوہنلین نے کہا کہ ممکنہ طور پر زیر آب دباؤ کے باعث آبدوز پھٹ گئی ہوگی۔

اوشین گیٹ کی 18 جون کو لاپتہ ہونے والی آبدوز کا ملبہ ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں گیولرمو سوہنلین کا کہنا تھا کہ اگر سمندر کی تہہ میں کوئی ملبہ ملا ہے تو میرے لیے بلکل بھی تعجب کی بات نہیں کیونکہ ہمارا پروٹوکول تھا کہ اگر رابطہ ٹوٹ جائے تو پائلٹ آبدوز کو تہہ تک لے جائےگا، میرا شروع سے یہی خیال تھا کہ اسٹاکٹن نے بھی یہی کیا ہوگا۔

مزید خبریں :