Time 13 فروری ، 2025
پاکستان

دہشتگردی کیخلاف جنگ اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں: ترک صدر

دہشتگردی کیخلاف جنگ اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں: ترک صدر
دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کے ہمراہ فلسطین کے لیے آواز بلند کی، فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے: رجب طیب اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا پاکستان آکر دلی مسرت ہوئی، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، قائد اعظم محمد علی جناں اور علامہ اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا دونوں ممالک نے باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، ہمارے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر اتفاق ہوا ہے، صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں تجارتی امور پر گفتگو ہوئی، اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایا کاری کی ترغیب دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا دونوں ممالک میں پانچ ارب ڈالر کے تجارتی حجم پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔

ترک صدر کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کام کرتے رہیں گے، ترکیہ کی معارف فاؤنڈیشن کے اسکولوں کا پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اہم کردار ہو گا۔

ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، قبرص کے معاملے پر پاکستانی حمایت ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے، دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کے ہمراہ فلسطین کے لیے آواز بلند کی، فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں :