پاکستان

تکنیکی خرابی پر پی آئی اے کی کینیڈا جانے والی پرواز کو روس سے واپس بلالیا گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور  سےکینیڈا  جانے  والی پرواز   پی کے 797 کو تکنیکی خرابی کے باعث واپس پاکستان بلالیا گیا۔

پی آئی اے کی لاہور سےکینیڈا  کے شہر ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 797 کے طیارے میں دوران پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارے کا رخ واپس لاہور موڑا گیا۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور سے روانہ ہونے والی پی آئی اےکی پرواز پی کے797 کو روس کی فضائی حدود سے واپس بلالیا گیا تھا۔

 بوئنگ 777 طیارہ پونے پانچ گھنٹےکا سفر طےکرکے روس کی فضائی حدود میں تھا جب تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔

طیارے کو روس کی حدود سے واپس بلایا گیا،فوٹو:ا سکرین شاٹ، فلائٹ اویئر ڈاٹ کام
طیارے کو روس کی حدود سے واپس بلایا گیا،فوٹو:ا سکرین شاٹ، فلائٹ اویئر ڈاٹ کام

اس پرواز کی بحفاظت لینڈنگ کے حوالے سے ترجمان پی آئی اےکا کہنا ہےکہ بوئنگ 777 طیارے کے ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اسے واپس بلانا پڑا اور اسے لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرادیا گیا۔

ترجمان کے مطابق جہاز کی مرمت میں تاخیر کے سبب اب اس پروازکے مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے ٹورنٹو روانہ کیا جائےگا۔

ترجمان پی آئی کا کہنا ہےکہ پاکستان میں پی آئی اے کا مکمل انجینئرنگ بیس موجود ہے، انجینئرز طیارے کا معائنہ کرکے خرابی کو دور کریں گے۔

ترجمان کے مطابق بوئنگ 777 طیارے نے واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر معمول کی لینڈنگ کی۔

خیال رہےکہ طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ٹیک آف کے پونے 9 گھنٹے بعد واپس لاہور لینڈ کر گیا تھا۔

مزید خبریں :