64 سالہ خاتون نے ریچھ کو مکا مار کر اپنے کتے کی زندگی بچالی

یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا / فائل فوٹو
یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا / فائل فوٹو

امریکا سے تعلق رکھنے والی 64 سالہ خاتون نے ایک سیاہ ریچھ کے منہ پر مکا مار کر اپنے کتے کی زندگی بچالی۔

یہ واقعہ ریاست میئن کے علاقے پورٹر میں پیش آیا۔

64 سالہ لین کیلی نے اپنے گھر کے قریب ریچھ کو کتے کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا تھا۔

انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 'میں نے دیکھا کہ میرا کتا گھر کے سامنے پہاڑی کی جانب بھاگ رہا ہے'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں نے کتے کو چیختے ہوئے سنا تو میں بھاگ کر اس کی جانب گئی اور اسے واپس آنے کو کہا، جس کے بعد وہ میری جانب آیا تو اس کے پیچھے ایک ریچھ بھی تھا، ریچھ نے میری جانب دیکھا اور میں نے اس کی آنکھوں میں دیکھا تو مجھے لگا کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے ڈر گئے ہیں'۔

انہوں نے چیخ کر ریچھ کو ڈرانے کی کوشش کی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا، جس کے بعد انہوں نے منہ پر مکا مارا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ مجھ سے لمبا تھا تو میں نے اسے آتے دیکھ کر چیخنا چلانا شروع کر دیا، میں وہاں سے بھاگنا نہیں چاہتی تھی کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ وہ مجھے پکڑلے گا تو میں نے مکا مارنے کی کوشش کی'۔

مکے کے جواب میں ریچھ نے خاتون کو کاٹ لیا تھا جس کے باعث انہیں اسپتال لے جایا گیا۔

حکام کے مطابق ہم شہریوں کو ریچھ سے مقابلہ کرنے کا مشورہ نہیں دے سکتے اور ممکنہ طور پر مکا مارنے کی وجہ سے جانور نے کاٹا ہوگا۔

مزید خبریں :