01 جنوری ، 2013
کراچی …کراچی کے علاقے فیڈرل ایریا میں منگل کی شام عائشہ منزل کے قریب ایک موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے سے13 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، اور واٹر پمپ عائشہ منزل اور کریم آباد اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا ۔دھماکے سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔یہ دھماکا اس وقت ہوا جب کچھ ہی دیر قبل ایم کیو ایم کے جناح گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کے شرکاء واپس جارہے تھے کہ سوا سات بجے کے قریب اس دھماکے کی آواز سنی گئی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اسکی آواز کئی کلومیٹر دور نمائش کے علاقے میں بھی سنی گئی۔موقع پر لوگوں کے جمع ہونے کے باعث افراتفری پھیل گئی اور شدید ٹریفک جام ہوا۔ادھر ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ بم ایک موٹر سائیکل پر نصب تھا۔دھماکے میں زخمی ہونے والے 5افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعہ کے بعد جناح اسپتال اور عباسی شہید میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، عائشہ منزل پر میٹرنٹی ہوم کے پاس موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب تھا،قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ فرنیچر مارکیٹ کے باہر موٹر سائیکل کھڑی تھی۔ گیارہ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال اور دو کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی تعداد اٹھارہ بتائی ہے۔