کاجول نے سیاستدانوں سے متعلق بیان پر تنقید کے بعد خاموشی توڑ دی

کاجول نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں بھارتی سیاستدانوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ہمارے ہاں ایسے سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلیمی پس منظر نہیں— فوٹو: اسکرین گریب
کاجول نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں بھارتی سیاستدانوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ہمارے ہاں ایسے سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلیمی پس منظر نہیں— فوٹو: اسکرین گریب

معروف بھارتی اداکارہ کاجول نے سیاستدانوں کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان پر تنقید کے بعد خاموشی توڑ دی۔

کاجول نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں بھارتی سیاستدانوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ہمارے ہاں ایسے سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلیمی پس منظر نہیں ہے۔

کاجول کی وضاحت

کاجول نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ : "میں صرف تعلیم اور اس کی اہمیت کے بارے میں بات کر رہی تھی۔ میرا مقصد کسی سیاسی لیڈر کو نیچا دکھانا نہیں تھا، ہمارے پاس کچھ عظیم لیڈرز ہیں جو ملک کو صحیح راستے پر گامزن کر رہے ہیں۔"

 کاجول کا بیان کیا تھا؟

ایک انٹرویو میں، کاجول نے، جو اپنی آنے والی کورٹ روم ڈرامہ ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کی تشہیر کر رہی تھیں، کہا کہ ہندوستان میں تبدیلی کی رفتار سست ہے کیونکہ لوگ روایات میں جکڑے ہوئے ہیں اور مناسب تعلیم کی کمی ہے۔

ملک میں خواتین کو  بااختیار بنانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے  انہوں نے کہا: "تبدیلی، خاص طور پر ہندوستان جیسے ملک میں، سست ہے۔ یہ بہت بہت سست ہے کیونکہ ہم اپنی روایات میں پھنسے ہوئے ہیں اور اپنی سوچ کے عمل میں دبے ہوئے ہیں اور یقیناً اس کا تعلق تعلیم سے ہے۔"

کاجول کا مزید کہنا تھا کہ "آپ کے پاس ایسے سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلیمی نظام کا پس منظر نہیں ہے۔ مجھے افسوس ہے لیکن مجھے مجبوراً یہ کہنا پڑ رہا ہے۔ مجھ پر ایسے سیاستدانوں کی حکمرانی ہے، جن میں سے بہت سے ایسے ہیں جن کا نقطہ نظر وہ نہیں ہے جو میرے خیال میں تعلیم یافتہ شخص کا ہوتا ہے، تعلیم آپ کو کم از کم ایک مختلف نقطہ نظر کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔"

خیال رہے کہ کاجول ویب سیریز دی ٹرائل میں نظر آئیں گی جو امریکی کورٹ روم ڈرامہ ’دی گڈ وائف‘ سے اخذ کردہ ہے۔  یہ کاجول کی پہلی ویب سیریز ہے۔

مزید خبریں :