23 فروری ، 2012
لاہور… سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شبنم بریال قتل کیس کی سماعت جاری ہے جس کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے چالان بروقت پیش نہ کرنے پر آئی جی پولیس کی سرزنش کی ۔آئی جی پنجاب حبیب الرحمان نے عدالت کو بتایاکہ مجھے عہدہ سنبھالے ہوئے چند دن ہوئے ہیں، تمام افسروں کوبروقت چالان پیش کرنے کیلیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور بروقت چالان پیش نہ کرنے پر ڈی ایس پی لوئرمال کومعطل بھی کر دیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم چیخ رہے ہیں آپ ہماری کوششوں پرپانی پھیررہے ہیں، آپ اپنی کارکردگی دیکھیں اور خود سے سوال کریں کہ کارکردگی درست ہے۔ انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ پنجاب پولیس کی کارکردگی درست نہیں، ساری خرابی پولیس اورپراسکیوشن نے پیداکررکھی ہے اور ان خرابیوں کے باعث بدنام عدالتیں ہوتی ہیں۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اب ایسے نہیں چلے گا،کسی کالحاظ کرویاسیاسی باتیں مانو، پنجاب پولیس ایساکام کرے کہ دیگرصوبے بھی تقلید کریں۔