02 جنوری ، 2013
اسلام آباد … راولپنڈی اسلام آباد شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، ایئر پورٹ ہر قسم کی ایئر ٹریفک کیلئے رات 10 بجے سے تاحال بند ہے جبکہ موٹر وے 5 گھنٹے بند رہنے کے بعد صبح سوا 7 بجے کھول دی گئی۔ سول ایویشن اتھارٹی کے حکام کے مطابق گزشتہ رات سے راولپنڈی اسلام آباد میں شدید دھند ہونے کے باعث ایئر پورٹ کو رات 10 بجے سے تمام ایئر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا ، جس کے باعث بیرون ممالک سے آنے والی 11 پروازوں کو لاہور ایئر پورٹ منتقل کیا گیا اور اندرون ملک سے آنے والی 5 فلائٹ کو منسوخ کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح بیرون ممالک جانے والی 4 پروازیں اور اندرون ملک جانے والی تمام پروازیں ابھی تک تاخیر کا شکار ہیں۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق جیسے ہی دھند کم ہو گی ایئر پورٹ کو ایئر ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ دوسری طرف موٹر وے پولیس کے ترجمان محمد شعیب کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے لاہور موٹر وے پر دھند کے باعث اسے رات سوا 2 بجے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھاجسے صبح سوا 7 بجے کھول دیا گیا، اس وقت موٹر وے پر دھند کم ہے تاہم ڈرائیونگ محتاط انداز میں کی جائے۔