Time 10 جولائی ، 2023
دنیا

روسی صدر کی پرتعیش آرمرڈ ٹرین اندر سے کیسی ہے؟

یہ مبینہ ٹرین باہر سے دیکھنے میں ایسی نظر آتی ہے / فوٹو بشکریہ سی این این
یہ مبینہ ٹرین باہر سے دیکھنے میں ایسی نظر آتی ہے / فوٹو بشکریہ سی این این 

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی مبینہ پرتعیش آرمرڈ ٹرین کی اندرونی تصاویر سامنے آئی ہیں۔

یہ تصاویر Dossier Center ، سی این این، Süddeutsche Zeitung، Westdeutscher Rundfunk اور Norddeutscher Rundfunk کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ٹرین کی تیاری پر کم از کم 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز خرچ ہوئے جبکہ اس پر سالانہ ایک کروڑ 58 لاکھ ڈالرز مرمت اور دیگر چیزوں کے لیے خرچ کیے جاتے ہیں۔

اس ٹرین کی 22 بوگیاں ہیں مگر سب کو ایک ساتھ استعمال نہیں کیا جاتا۔

8 بوگیاں کمیونیکیشن سینٹرز، سیٹلائیٹ آلات اور ڈیزل سے چلنے والے پاور اسٹیشن پر مشتمل ہیں۔

ٹرین کے اندر بیوٹی روم اور کھانے کے کمرے کی تصاویر / فوٹو بشکریہ Dossier Center
ٹرین کے اندر بیوٹی روم اور کھانے کے کمرے کی تصاویر / فوٹو بشکریہ Dossier Center

دیگر بوگیوں میں ریسٹورنٹس، ایک سنیما، پرتعیش کھانے کا کمرہ، ترک حمام اور ایک بیوٹی روم موجود ہے۔

بیوٹی روم ساؤنڈ پروف ہے اور اس میں اینٹی ایجنگ مشینیں سمیت جِلدی نگہداشت کے حوالے سے ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ یہاں زندگی بچانے کے لیے ضروری طبی آلات جیسے وینٹی لیٹر اور دیگر بھی موجود ہیں۔

ترک حمام / فوٹو بشکریہ Dossier Center
ترک حمام / فوٹو بشکریہ Dossier Center

ایک اور بوگی کو جم کی شکل میں ڈھالا گیا ہے اور ورزش کرنے کے لیے مختلف مشینیں موجود ہیں۔

روسی صدر کی سکیورٹی ٹیم کی جانب سے بھی جم میں ورزش کے خصوصی آلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ روسی صدر نے ٹرین کے لیے خصوصی کمیونیکیشن سسٹم کو نصب کرایا تاکہ وہ کسی رکاوٹ کے بغیر سفر کے دوران ٹیلی ویژن کو دیکھ سکیں۔

بیوٹی روم میں موجود مشینیں / فوٹو بشکریہ Dossier Center
بیوٹی روم میں موجود مشینیں / فوٹو بشکریہ Dossier Center

اس ٹرین کی دیکھ بھال کے لیے درجنوں افراد کام کرتے ہیں اور روسی صدر کے سفر سے قبل وہ قرنطینہ کے مرحلے سے گزر کر آتے ہیں۔

ایسا کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے ساتھ ہوا تھا اور اب بھی اسے برقرار رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس ٹرین کی بوگیاں، دروازے اور کھڑکیاں سب بلٹ پروف ہیں تاکہ روسی صدر کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹرین کے اندر موجود جم / فوٹو بشکریہ Dossier Center
ٹرین کے اندر موجود جم / فوٹو بشکریہ Dossier Center

اب تک روسی حکام کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

مگر روسی صدر کی ٹرین میں سفر کے دوران لی جانے والی تصاویر ضرور حکومت کی جانب سے جاری ہوتی رہتی ہیں، البتہ ٹرین کو زیادہ منظر عام پر نہیں لایا جاتا۔

کھانے کا کمرہ / فوٹو بشکریہ Dossier Center
کھانے کا کمرہ / فوٹو بشکریہ Dossier Center

رپورٹ کے مطابق سابق روسی حکام نے بتایا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن ٹرین کو اس لیے ترجیح دیتے ہیں کیونکہ طیاروں کو ٹریک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طیارہ جب پرواز کرتا ہے تو فلائٹ راڈار کی زد میں آ جاتا ہے مگر ٹرین کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :