Time 12 جولائی ، 2023
کھیل

ایشین ایتھلیٹکس: عبدالمعید بلوچ 400 میٹر دوڑ کے سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام

تھائی لینڈ میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کی 400 میٹر ہیٹس میں عبدالمعید نے مقابلہ 48.18 سیکنڈز میں مکمل کی— فوٹو: جیو نیوز
تھائی لینڈ میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کی 400 میٹر ہیٹس میں عبدالمعید نے مقابلہ 48.18 سیکنڈز میں مکمل کی— فوٹو: جیو نیوز

ایشین  ایتھلیٹکس میں پاکستان کے عبدالمعید بلوچ مردوں کی 400 میٹر دوڑ میں سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام رہے، وہ 28 ایتھلیٹس میں 22 ویں نمبر پر  رہے۔

تھائی لینڈ میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کی 400 میٹر ہیٹس میں عبدالمعید نے مقابلہ 48.18 سیکنڈز میں مکمل کی۔ وہ اپنی ہیٹ میں چھ میں سے پانچویں اور مجموعی طور پر  28 رنرز میں سے 22 ویں نمبر پر رہے اور سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام ہوگئے۔

پاکستانی اسپرنٹر عبدالمعید اپنے پرسنل بیسٹ 46.73 ٹائم سے پونے دو سیکنڈز  پیچھے رہے جب کہ حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز کے ٹائمنگ 46.8 کے قریب بھی نہ آئے۔ اگر وہ اپنے حالیہ ٹائمنگز کے قریب بھی پرفارم کرتے تو سیمی فائنل تک آجاتے کیوں کہ 400 میٹر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والے آخری ایتھلیٹ کی ٹائمنگ 47.52 سیکنڈز تھی۔

ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کے شجر عباس کل مینز  100 میٹر ہیٹس میں ایکشن میں ہوں گے۔ ایونٹ میں پاکستان کے یاسر جویلین تھرو میں ایکشن میں ہوں گے جبکہ عیشاعمران خواتین کی دوڑ میں حصہ لیں گی۔

مزید خبریں :