13 جولائی ، 2023
پشاور میں گرمی کی شدت میں اضافے سے بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
پشاور کے تینوں تدریسی اسپتالوں میں یومیہ 600 سے زیادہ ایسے بچوں کو لایا جا رہا ہے جو گیسٹرو اور ڈائیریا کا شکار ہیں، اسپتالوں میں گیسٹرو اور ڈائیریا کے امراض میں مبتلا بچوں کا رش بڑھ گیا ہے جس کے باعث لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایک بیڈ پر دو سے تین بچوں کو رکھا گیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق جو مائیں اپنے بچوں کو دودھ نہیں پلاتیں ان بچوں کی قوت مدافعت کم ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق گیسٹرو معدہ اور انتڑیوں کی سوزش کا ایسا مہلک مرض ہے جس کی علامات میں سردرد، بخار، پیٹ میں درد اور قے شامل ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اس مرض کی بڑی وجہ آلودہ پانی اور ناقص خوارک کا استعمال بھی ہے ۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں ہر سال30 سے 40 فیصد ڈائریا جب کہ 20 فیصد بچےگیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں ۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ گرم موسم میں متوزان غذا ،پانی کا زیادہ استعمال، صفائی کا خیال اور والدین میں شعور بیدار کرکے بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔