13 جولائی ، 2023
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو سنگاپور روانگی کیلئے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے این او سی تو مل گیا ہے تاہم ویزا کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے ٹیم کا فلائٹ شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔
پاکستان ویمن ٹیم کو سنگاپور کیخلاف دو میچز 15 اور 18 جولائی کو کھیلنے ہیں۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ان میچز کیلئے جب حکومت سے این او سی کیلئے رابطہ کیا تو پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پہلے وقت کی کمی کا بہانہ بناکر این او سی پراسس کرنے سے انکار کردیا لیکن بعد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ کی مداخلت پر 12 جولائی کو این او سی کی سمری بھیجی گئی جو وزارت خارجہ اور داخلہ نے ایک ہی دن میں منظور کرکے این او سی جاری کردیا۔
شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ معاملہ فوری حل کرانے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا۔ تاہم پاکستان ویمن فٹبال ٹیم شیڈول کے مطابق جمعرات کی شب کراچی سے سنگاپور روانہ نہیں ہوپائے گی کیوں کہ ٹیم کو اب تک ویزے جاری نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ این او سی کے مسائل کی وجہ سے ویزا کے اجرا میں تاخیر ہوئی تاہم جمعے کی صبح ویزے ملنے کی امید ہے جس کے بعد ٹیم کی نئی فلائٹس بک کر دی جائیں گی۔