15 جولائی ، 2023
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن 2017 کی مردم شماری کے مطابق ہی ہوں گے کیونکہ نئی حلقہ بندیوں کیلئے وقت نہیں بچا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ صوبوں کی درخواست پر مردم شماری کا وقت بار بار آگے بڑھانا پڑا اس لیے اب نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں ممکن نہیں ہیں، اس میں مزید چار ماہ لگ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مزید تاخیر سے ملک نئے معاشی بحران کا شکار ہو سکتا ہے، بروقت انتخابات کے بعد مستحکم حکومت کا قیام معاشی ضرورت ہے، وزیر اعظم بھی کہہ چکے ہیں کہ وقت پر الیکشن ہوں گے۔
یاد رہے کہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ اگست 2023 کو ہم معاملات نگران حکومت کے سپرد کر دیں گے، اپنے دور حکومت میں ہم نے ملکی مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 ماہ میں 4 سال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، معیشت، خارجہ تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں لگی آگ بجھائی۔