15 جولائی ، 2023
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی سنگاپور روانگی کا شیڈول فائنل ہوگیا، ٹیم آج کی بجائے کل سنگاپور روانہ ہوگی۔
پاکستان ویمن فٹبالرز کل صبح کراچی سے لاہور اور پھر رات لاہور سے سنگاپور روانہ ہوں گی۔پاکستان ویمن ٹیم ویزے کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے بروقت روانہ نہ ہوسکی۔
پاکستان ٹیم کو شیڈول کے مطابق 13 جولائی کو روانہ ہونا تھا۔ ابتدائی بکنگ منسوخ کرنے کے بعد ٹیم کو کراچی سے ایک ساتھ فلائٹ نہ ملی۔ کراچی سے فلائٹ آپشن نہ ہونے کی وجہ سے لاہور سے روانگی کا پلان بنایا گیا۔
ٹیم کل صبح کراچی سے لاہور روانہ ہوگی پھر وہاں سے براستہ بنکاک سنگاپور روانگی ہوگی جہاں 18 جولائی کو پاکستان اور سنگاپور کے درمیان انٹرنیشنل فرینڈلی کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ عدیل رضکی نے جیو نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ٹیم سنگاپور میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہے، آف دی فیلڈ معاملات سے ٹیم کا اعتماد متاثر نہیں ہوگا۔
عدیل رضکی نے کہا کہ سنگاپور کیخلاف انٹرنیشنل فرینڈلی کیلئے کھلاڑی کافی پر اعتماد ہیں۔ کھلاڑیوں نے کیمپ میں کافی محنت اور اس میچ کیلئے خوب تیاری کی ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ نے فٹنس اور بال پوزیشن اور دفاعی لائن پر کافی کام کیا ہے، کوشش ہوگی کہ سنگاپور کیخلاف اپنا بہترین کھیل پیش کرکے پاکستان کا پرچم بلند کریں۔
ایک سوال پر عدیل رضکی کا کہنا تھا کہ ’’ہم 110 فیصد دیں گے، اعتماد ہے کہ سنگاپور کیخلاف میچ جیت سکتے ہیں۔ ہم نے حریف کا تجزیہ کرکے جو تیاری کی ہے، اس کے مطابق کھیلا تو اچھے رزلٹ ہوں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ صرف ایک میچ ہے اس میں ہم پورا زور لگائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو پہلے 13 جولائی کو سنگاپور روانہ ہونا تھا لیکن این او سی اور ویزے کے اجراء میں تاخیر کی وجہ سے ٹیم کی روانگی کا شیڈول متاثر ہوا جس کی وجہ سے ہفتے کو شیڈولڈ پریکٹس میچ بھی منسوخ کرنا پڑا تھا۔