Time 17 جولائی ، 2023
کھیل

ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے پر رضوان نے شاہین کو کیا خاص تحفہ دیا؟

فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے پر ساتھی کھلاڑی محمد رضوان نے ایک خاص تحفہ دیا ۔

شاہین شاہ آفریدی نے اتوار کو سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کیں۔

قومی بولر نے سری لنکا کے نشان مدوشکا کو آؤٹ کر کے 100 ویں وکٹ حاصل کی۔

شاہین آفریدی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے 19 ویں پاکستانی کھلاڑی ہیں،فاسٹ بولر نے اپنے 26ویں  ٹیسٹ میچ میں 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے علاوہ ماضی میں مشتاق احمد اور عمران خان نے بھی 26ویں ٹیسٹ میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر اسکرین گریب

 ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پہلے دن کے کھیل کے بعد ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی کو سوینئر پیش کیا۔

سوئنئر گیند پر شاہین کی 100 وکٹوں کی یاد داشت کے طور پر 100 لکھا ہے۔

اس موقع پر محمد رضوان نے کہا کہ شاہین آفریدی نوجوان کرکٹرز کیلئے رول ماڈل اور ایک متاثر کن شخصیت ہیں، دعا ہے کہ وہ مزید کامیابیاں اپنے نام کریں۔

گال ٹیسٹ کا پہلا روز:

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے سیشن کے دوران شاہین نے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین نے اپنے دوسرے اوور میں اوپنر نشان مدوشکا کو آؤٹ کیا جس کا شاندار کیچ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کیا، شاہین کی اس وکٹ کے بعد ٹیسٹ کیرئیر میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔

اس کے بعد دیموتھ کرونا رتنے، کوشال مینڈس اور دنیش چندیمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر سری لنکا کے 4 کھلاڑی صرف 54 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم اس کے بعد انجیلو میتھیوز اور دھننجیا ڈی سلوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور پھر 185 کے مجموعے پر میتھیوز 64 رنز بنا کر ابرار کا شکار بنے۔

پہلے روز کھیل کے اختتامی اوور میں سدیرا سمارا وکرما آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دھننجیا ڈی سلوا 94 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کر لیے تھے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :