Time 21 جولائی ، 2023
پاکستان

اسلام آباد ائیرپورٹ کو 15 سال کیلئے آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی

ری اسٹرکچرنگ نہ کی گئی تو 2 سال میں پی آئی اے مکمل تباہ ہو جائیگا: وزیر ہوابازی سعد رفیق۔ فوٹو فائل
ری اسٹرکچرنگ نہ کی گئی تو 2 سال میں پی آئی اے مکمل تباہ ہو جائیگا: وزیر ہوابازی سعد رفیق۔ فوٹو فائل

وفاقی وزير  برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی ری اسٹرکچرنگ نہ کی گئی تو 2 سال میں ادارہ مکمل تباہ ہو جائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا غلام سرور خان کے احمقانہ بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو 70 ارب روپے کا نقصان ہوا، ماضی میں پی آئی اے میں بے دریغ سیاسی بھرتیاں کی گئیں، جہاں ضرورت نہیں تھی وہاں بھی 50، 50 لوگوں کو بھرتی کیا گیا، مارشل لا، جمہوری حکومتوں میں بھی پی آئی اے میں بے دریغ بھرتیاں ہوئیں، فی الحال اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔ 

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی کا کہنا تھا 3 ماہ میں برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہو جائیں گی، برطانیہ کے بعد یورپ اور امریکا کی پروازیں بحال کی جائيں گی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کو 15 سال کے لیے آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے لیکن کوئی ملازم بے روزگار نہیں ہو گا، دنیا میں پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے ائیرپورٹس کو چلایا جاتا ہے، آؤٹ سورس کا مطلب یہ نہیں کہ ائیرپورٹس کو بیچا جارہا ہے، رن وے اور نیویگیشنل سسٹم آؤٹ سورس نہیں کیا جا رہا، اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹ کی باری آئے گی، اگر کوئی دباؤ ڈالے گا تو دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا اگر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی ری اسٹرکچرنگ نہ کی گئی تو 2 سال میں ادارہ مکمل تباہ ہو جائے گا، اگر کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہونے دیں، ملک کے ریاستی اداروں کو بچائیں۔

مزید خبریں :