,
Time 25 جولائی ، 2023
پاکستان

جی ڈی اے کا سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان

یقین ہے نگران حکومت کے حوالے سے ہونے والی مشاورت میں جی ڈی اے کا مؤقف بھی شامل کیا جائے گا: جی ڈی اے— اسکرین گریب
یقین ہے نگران حکومت کے حوالے سے ہونے والی مشاورت میں جی ڈی اے کا مؤقف بھی شامل کیا جائے گا: جی ڈی اے— اسکرین گریب

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کا وفد جی ڈی اے رہنماؤں سے ملاقات کیلئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہاؤس پہنچا جس میں مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، راعنا انصار اور علی خورشیدی شامل تھے۔

ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں جی ڈی اے رہنما صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کی نامزد کردہ اپوزیشن لیڈر راعنا انصار کی حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے نگران حکومت کے حوالے سے ہونے والی مشاورت میں جی ڈی اے کا مؤقف بھی شامل کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے اپوزیشن لیڈر کیلئے حمایت کرنے پر پیرپگارا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  اس اتحاد کا مقصد دیہی اور شہری سندھ کی خلیج کو پر کرنا ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ کیلئے ایم کیوایم کی امیدوار رعنا انصار ہیں۔

دوسری جانب ایم کیوایم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کیلئے درخواست کل اسمبلی میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ درخواست پرایم کیو ایم کے 20 اور جی ڈی اے کے 9 ارکان کےدستخط ہیں جبکہ جی ڈی اے نے ایم کیو ایم کو کل دوپہر تک اپنے 12 ارکان کے دستخط کی یقین دہانی ہے۔

ذرائع کے مطابق جی ڈی اے نے بیرون ملک نصرت سحر عباسی اور شہریار مہر سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم کو اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کیلئے 30 سے زائد ووٹ درکار ہیں۔

مزید خبریں :