04 جنوری ، 2013
اسلام آباد.... اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید دھند کے باعث اسلام آباد لاہورموٹروے ٹریفک کے لئے بند کردی گئی۔دھند کے باعث اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ موٹر وے پولیس نے دھند کے باعث اسلام آباد اور لاہور موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔ اسلام اباد سے لاہور جانے والی ٹریفک کو کلر کہار انٹرچینج سے جی ٹی روڈ پر منتقل کر دیاگیا ہے۔ موٹر وے پر لاہور اور شیخوپورہ کے قریب بھی شدید دھند ہے۔ دوسری جانب دھند کے باعث بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو بند کر دیاگیا ہے،اسلام آباد ایئر پورٹ پر صبح تک پروازوں کی آمدروفت معطل رہے گی، اسلام آباد آنے والی پروازوں کو لاہور کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق دھند کم ہونے کے بعد ایئر پورٹ دوبارہ کھول دیا جائے گا۔