04 جنوری ، 2013
کوہستان....کوہستان وڈیو اسکینڈل میں نظر آنے والی لڑکیوں کے خاندان کے افراد نے مبینہ طور پراپنی بے عزتی کابدلہ لینے کے لیے وڈیو میں رقص کرنے والے نوجوانوں کے قبیلے کے افراد پر فائرنگ کرکے3افراد کو ہلاک اور 2خواتین کو زخمی کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کوہستان کی تحصیل پالس کے گاو¿ں گدار میں مبینہ طور پرسرم خیل قبیلے کے افراد نے اپنی بے عزتی کا بدلہ لینے کے لیے سنی خیل قبیلے کے 3افراد کو ہلاک اور2خواتین کو زخمی کر دیاہے، جس کے بعد علاقے میں امن وامان کو کنٹرول کرنے اور واقعے کی انکوائری کے لیے ڈی ایس پی نذیر خان پولیس کی بھاری نفری سمیت گاو¿ں گدار رونہ ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق گذشتہ سال اسی گاو¿ں گدار کی ایک موبائل وڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں سنی خیل قبیلے کے 2نوجوان رقص کر رہے تھے جبکہ سرم خیل قبیلے کی 5عورتیں ان کی حوصلہ افزائی کر رہی تھیں۔اس واقعے کے بعدرقص کرنے والے نوجوانوں کے بھائی محمد افضل نے الزام لگایا تھا کہ سرم خیل قبیلے والوں نے اپنی عورتوں کو قتل کر کے علاقے کے رواج کے مطابق ان کے بھائیوںسمیت 5افراد کو قتل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے انکوائری کر نے کے بعد لڑ کیوں کے زندہ ہونے کے شواہد حاصل کرنے کے بعد کیس کو ختم کر دیا تھا۔اب اگر واقعے کی تصدیق ہو جاتی ہے تولڑکیوں کے زندہ ہونے پر سوالیہ نشان کھڑا ہو جاتا ہے کیونکہ کوہستان کے رواج کے مطابق ایسے واقعے میں لڑکیوں کو قتل کرنے کے بعد ہی مخالف فریق کو قتل کیا جاتا ہے۔