01 اگست ، 2023
رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے ’دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں 6 پاکستانی کھلاڑی حصہ لیں گے۔
قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف ویلش فائر کی جانب سے کھیلیں گے جب کہ اسامہ میر اور زمان خان مانچسٹر اوریجنلز اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
آل راؤنڈر شاداب خان برمنگھم فینکس کی نمائندگی کریں گے اور نوجوان پیسر احسان اللہ اوول انوینسیبلز کے لیے میدان میں اتریں گے۔
یہ تمام کھلاڑی ٹورنامنٹ کے تیسرے سال میں اپنا ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں جو کہ آج بروز منگل سے ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونے جارہا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز ٹرینٹ راکٹس کی ڈبل ہیڈر مین اور ویمن اسکواڈ ٹیمیں سدرن بریوز سے مدمقابل ہوں گی، ٹرینٹ راکٹس مین کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے جب کہ سدرن بریوز دی ہنڈریڈ کے افتتاحی ایڈیشن کی چیمپئن تھی۔
خواتین کی ٹیموں میں اوول انوینسیبلز نے پہلے اور دوسرے سال ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
4 ہفتے تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے، اس سال ایلیمنیٹر میچ ایجاز باؤل، ساؤتھمپٹن کے بجائے لندن کے دی اوول میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 27 اگست کو لارڈز میں ہونا ہے۔
اس ٹورنامنٹ کو اصل میں 2020 میں شروع کرنے کا منصوبہ تھا لیکن وبائی مرض کووڈ کی وجہ سے اسے 2021 تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔
2022 میں دی ہنڈریڈ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران نصف ملین سے زیادہ لوگوں نے میچوں میں شرکت کی جب کہ ریکارڈ 271,000 افراد نے خواتین کے میچز میں شرکت کی تھی۔