01 اگست ، 2023
پاکستان شاہینز کے کپتان وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے کہا کہ اتنے کم اسکور کے دفاع سے ٹیم کا مورال بہت بلند ہوا ہے اور لگاتار دو کامیابیاں بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں کپتان پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم روحیل نذیر نے کہا کہ لگاتار دو کامیابیاں بڑی اہمیت کی حامل ہیں، دونوں کامیابیاں بہترین کھیل کے ذریعے حاصل کی ہیں خاص کر آج کی جیت۔
روحیل نذیر نے کہا کہ اتنے کم اسکور کے دفاع سے ٹیم کا مورال بہت بلند ہوا ہے، اس سے یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ اسکور کتنا بھی ہو ہم اس کا دفاع کرسکتے ہیں، بولرز اور فیلڈرز کی کارکردگی اچھی رہی اور اسے آگے بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ٹیل اینڈرز کی تعریف کروں گا جنہوں نے قیمتی 15 رنز کا اضافہ کیا، وکٹ اسپن تھی اور مجھے یقین تھا کہ ہم انہیں آؤٹ کرسکتے ہیں، ہمارے اسپنرز نے بہت ہی عمدہ بولنگ کی۔
خیال رہے کہ ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان شاہینز نے گزشتہ روز اے سی ٹی کامیٹس کے خلاف میچ 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، اس سے قبل اتوار کے روز ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک نے پاکستان شاہینز کو 59 رنز سے ہرادیا تھا۔
آج پاکستان شاہینز نے بولرز کی شاندار کار کردگی کی وجہ سے میلبرن رینی گیڈز کو ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 8 رنز سے شکست دیدی، 93 رنز کے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کے باوجود پاکستانی بولرز نے زبر دست بولنگ کرتے ہوئے میلبرن رینی گیڈز کو 85 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی دوسری جیت ہے۔