Time 23 نومبر ، 2019
کھیل

روحیل نذیر : 'بڑے کھلاڑی کا بڑے میچ میں پتہ چلتا ہے'

ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں سنچری داغنے والے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے کوچ اعجاز احمد کا جملہ 'بڑے کھلاڑی کا بڑے میچ میں پتہ چلتا ہے' مسلسل ان کے ذہن میں رہا۔

ڈھاکا میں کھیلے جانے والے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 77رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جب کہ روحیل نذیر نے بارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 113رنز کی رنز کی غیر معمولی اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے مین آف دی میچ ہونے پر بڑی خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ "ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے یہی کہا تھا کہ بڑے کھلاڑی کا بڑے میچ میں پتہ چلتا ہے بس اسی چیز کو ذہن میں رکھ کر کھیلا کہ 40 اوورز تک ضرور کھیلوں اور اس کے بعد بڑے شاٹس کھیلوں ۔"

انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں بھی فائدہ ہوا اور ٹیم کے رنز بھی زیادہ ہوئے ۔

وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ وہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی ہیں اور ان کا ٹیم کی بیٹنگ میں کلیدی کردار ہوتا ہے۔

روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ وہ انڈر 19ٹیم کی طرف سے بین الاقوامی سطح کھیل رہے ہیں اس لیے بنگلہ دیش کے خلاف فائنل میں ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔

مزید خبریں :