04 جنوری ، 2013
لاہور … لاہور میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ حکومت انہیں خودکش بمبار بننے پر مجبور نہ کرے، معاملات کا حل چاہتی ہے تو مذاکرات کی راہ اختیار کرے۔ سروسز اسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ڈاکٹروں کو ہراساں کرنا اور مقدمے درج کرنا بند کرے، ینگ ڈاکٹرز نہیں ہوں گے تو حکومت کے پلے بھی کچھ نہیں رہے گا۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ حکومت کی جانب سے انہیں گوجرانوالہ بلاکر غنڈہ گردی کی گئی، بیورو کریسی ان کے ساتھ سیاست کر رہی ہے۔ ڈاکٹر رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ شکایات اور مطالبات کیلئے کوئی فورم بنایا جائے، اسپتالوں سے پولیس کو ہٹایا جائے، ڈاکٹرز پر تشدد کی ایف آئی آر درج اور گرفتار ڈاکٹروں کو چھوڑ دیا جائے تو وہ آج ہی ہڑتال ختم کر دیں گے۔