پاکستان
04 جنوری ، 2013

جمہوریت کو غیر مستحکم کرنیوالی قوت کو اہمیت نہیں دیتا، گورنر پنجاب

جمہوریت کو غیر مستحکم کرنیوالی قوت کو اہمیت نہیں دیتا، گورنر پنجاب

کراچی … گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ جمہوری کو غیر مستحکم کرنے والی قوت کو اہمیت نہیں دیتا، میں نے ڈاکٹر طاہر القادری کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے مریدوں کو آزمائش میں نہ ڈالیں۔ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا کراچی پہنچے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے والی قوت کو اہمیت نہیں دیتا، غیر جمہوری قوتوں کو روکنا جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان افہام وتفہیم کی فضا قائم کرنا میری آئینی ذمہ داری ہے۔ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے سندھ کے سینئر وزیر پیر مظہرالحق کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لیکن گورننس کی کمی ہے، جمہوریت کے تسلسل کیلئے انتخابی عمل ناگزیر ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جمہوریت کو جمہوریت ری پلیس کرے گی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سیاسی اور روحانی شخصیت ہیں انہیں زیب نہیں دیتا کہ اپنے مریدوں کو سخت سردی میں تکلیف دیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ فنگشنل لیگ میں رہتا لیکن مجھے نکالا گیا، پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے بعد اپنے خاندان کے سیاسی کیریئر کا فیصلہ کرونگا۔

مزید خبریں :