04 جنوری ، 2013
اسلام آباد … وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا اور فوجی نظریئے کو از سر نو ترتیب و تشکیل دینا ہو گا، صرف فوجی کارروائی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے یہ باتیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں خطاب کے دوران کہیں۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ایسی تمام قوتوں کیخلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے جو نظام کو پٹری سے اتارنا چاہتی ہیں، موجودہ دور میں قومی سلامتی بہت پیچیدہ اور کثیر الجہتی ہو چکی، سلامتی اور خود مختاری کے تقاضے دن بدن تبدیل ہورہے ہیں، ملک کے دشمن بے نام اور بغیر شناخت کے ہیں جو ملکی اور سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری اداروں میں موٴثر رابطوں کی ضرورت ہے، آئندہ نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پارلیمنٹ اور پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جمہوری حکومت کو فخر ہے کہ اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ملکیت دی ہے۔