04 جنوری ، 2013
کوئٹہ … بلوچستان کے ضلع خاران میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شہر کے وسط میں واقع پرانا محلہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود باران خان اور ہدایت اللہ نامی 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ گولیاں لگنے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعد ملزان فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اور زخمی افراد کو سول اسپتال پہنچا دیا، فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے۔