87 سالہ خاتون نے گھر میں گھسنے والے ڈاکو سے ہاتھا پائی کے بعد اسکی دعوت کردی

جب وہ میری جانب بڑھا تو میں نے دفاع کے لیے ایک لان کی کرسی کا استعمال کیا جو ان کے بستر کے قریب تھی، چور نے ان کے گال اور ماتھے پر مُکے مارے اور انھیں دیوار سے ٹکراتا رہا: خاتون کا بیان__فوٹو: فائل
جب وہ میری جانب بڑھا تو میں نے دفاع کے لیے ایک لان کی کرسی کا استعمال کیا جو ان کے بستر کے قریب تھی، چور نے ان کے گال اور ماتھے پر مُکے مارے اور انھیں دیوار سے ٹکراتا رہا: خاتون کا بیان__فوٹو: فائل

امریکا میں 87 سالہ دلیر خاتون نے ایک کم عمر ڈاکو کو اپنی حاضر دماغی سے پولیس کو پکڑوا دیا۔

غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق برونزوک نامی قصبے میں مارجری پرکنز نامی خاتون کے ہاں رات گئے ایک چور گھس آیا، اس وقت مارجری سو رہی تھیں لیکن جیسے ہی ان کی آنکھ کھلی، انہوں نے دیکھا کہ سامنے ایک لڑکا کھڑا ہے جس کے ہاتھ میں چاقو ہے۔

لڑکے نے جب مارجری کو اپنی جانب متوجہ پایا تو اس نے فوراً ان سے کہا 'میں تمہیں کاٹ ڈالوں گا'۔ ابتدا میں خاتون گھبراگئیں لیکن جلد ہی انہوں نے اپنے اوسان بحال کیے اور فوراً ڈاکو سے ہاتھا پائی کرنے لگیں۔

مارجری پرکنز نے غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں واقعہ کا احوال بتایا کہ 'میں نے اٹھتے کے ساتھ ہی سب سے پہلے اپنے بوٹ پہنے کیونکہ میں نے سوچا اگر یہ لڑکا مجھے کاٹتا ہے تو  میں اسے لات ماروں گی'۔

خاتون کے مطابق جب وہ میری جانب بڑھا تو میں نے دفاع کے لیے ایک لان کی کرسی کا استعمال کیا جو میرے بستر کے قریب تھی، چور نے میرے گال اور ماتھے پر مُکے مارے اور مجھے دیوار سے ٹکراتا رہا۔

مارجری پرکنز نے بتایا وہ دونوں کرسیوں کے ساتھ لڑتے لڑتے کچن میں جا پہنچے، مارجری نے بتایا کہ میں اسے مسلسل باہر نکل جانے کا کہہ رہی تھی، اتنے میں میں نے محسوس کیا کہ اس سے ٹھیک سے نہیں چلا جا رہا، ڈاکو نے کہا کہ اسے بھوک لگی ہے۔

یہ سن کر خاتون نے اسے پینٹ بٹر، شہد کی بوتل، دو پروٹین شیک اور دو مالٹوں کے ساتھ کریکر کا ایک ڈبہ کھانے کو دیا۔

مارجری نے بتایا کہ جب وہ لڑکا کھانے میں مصروف تھا تو انہوں نے جلدی سے  ایمرجنسی لائن 911 پر کال کر دی لیکن لڑکا سامنے کے دروازے سے فرار ہو گیا۔

جب پولیس خاتون کے گھر پہنچی تو انھیں بتایا گیا کہ ایک نامعلوم نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے، ایک پولیس سراغ رساں کتے نے اسے قریبی گلی میں ڈھونڈا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 17 سالہ لڑکے پر چوری، مجرمانہ دھمکی، حملہ اور شراب پینے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسے نابالغ افراد کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں :