پاکستان
05 جنوری ، 2013

طاہر القادری کے لانگ مارچ پر حملے کا خطرہ ہے ، رحمان ملک

طاہر القادری کے لانگ مارچ پر حملے کا خطرہ ہے ، رحمان ملک

اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ لانگ مارچ پر حملے کا خطرہ ہے اور یہ وارننگ بشیر بلور پر حملے سے پہلے انہیں دی گئی دھمکی جیسی ہے، طاہر القادری سے ملاقات میں انہیں سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا جائے گا۔ سیکریٹری اطلاعات چوہدری رشید احمد کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ تحریک طالبان کے رہنما کی کال ٹریس ہوئی ہے کہ اسلام آباد آنے والوں کا استقبال کیا جائے گا۔ رحمان ملک نے کہا کہ یہ باتیں کسی کو ڈرانے کیلئے نہیں بلکہ اس لئے بتا رہا ہوں کہ معلومات تک رسائی عوام کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری لانگ مارچ کیلئے جتنے لوگ لے کر آنا چاہتے ہیں لے آئیں، انہیں خوش آمدید کہا جائے گا مگرمقامی لوگوں کی تکالیف کا بھی احساس کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کیلئے انہیں مذاکراتی ٹیم بنا کر ارکان کے نام بتانے کی بھی پیشکش کی ہے مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے طالبان سے اپیل کی کہ وہ مسلمان کی حیثیت سے تحریک طالبان سے بغاوت کر کے ہتھیار پھینک دیں، انہیں ملک کی خدمت کیلئے نوکریاں دی جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس نیب کو بھجوا رکھا ہے، کل نیب کو کارروائی کیلئے یاد دہانی کا خط بھجوایا جائے گا۔

مزید خبریں :