05 جنوری ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ جب قوم مشکلات اورچیلنجوں کا شکار تھی اس وقت طاہرالقادری اپنا مستقبل محفوظ بنانے کی فکر میں تھے۔ اگر وہ ملک و قوم کا اتنا ہی درد رکھتے ہیں تو غیرملکی شہریت سے دست بردار ہو کرالیکشن میں حصہ لیں۔لاہور سے جاری اعلامیہ میں مسلم لیگ ن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری غیرملکی شہریت حاصل کرنے کی غرض سے سفارت خانوں کے چکر لگاتے تھے۔ آج اچانک انہیں پاکستان اورعوام کا درد جاگ اٹھا ہے۔ عوام طاہر القادری کی سیاسی قلابازیوں اور ماضی سے واقف ہیں۔ ان کے کسی نئے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ طاہر القادری جمہوریت مخالف چورن بیچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کی جمہوریت اور انتخابات کو سبو تاژ کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔