05 جنوری ، 2013
کوہاٹ …کوہاٹ میں بنائی گئی مسجد یوسف رقبے اورنمازیوں کی گنجائش کے لحاظ سے ڈویژن کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ یہ ملک کی سب سے بڑی جبکہ دنیا کی پانچویں بڑی مسجد ہے۔ کوہاٹ میں پنڈی روڈ پر پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب مسجد یوسف 2005 ء میں تعمیر کی گئی۔ مقامی افراد کے مطابق اس مسجد کا کل رقبہ 455 کنال یعنی 24 لاکھ ، 77 ہزار 475 مربع فٹ ہے۔ مسجد یوسف میں 12 بڑے حوض بنائے گئے ہیں ، جس میں ایک وقت میں پانچ ہزار نمازی وضو کر سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ13 سو بیت الخلاء اور تین سو غسل خانے بھی ہیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت بنائی گئی اس مسجد پر اب تک 75 کروڑ روپے لاگت آ چکی ہے۔ مسجد یوسف و تبلیغی مرکز کا شمار دنیا کی بڑی مساجد حرم شریف ، مسجد نبوی اور دیگر مساجد کے بعد پانچویں نمبر پر آتا ہے ،اس میں 6 لاکھ سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے ، یہ دنیا کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے اور اسے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت تیار کر رہے ہیں۔ کوہاٹ ڈویژن کے علاقوں ہنگو ، کرک ، اورکزئی ، درہ آدم خیل، کرم ایجنسی، جنوبی اضلاح میں ڈیرہ اسماعیل خان سے بھی لوگ ، مسجد یوسف و تبلیغی مرکز میں آتے ہیں۔ یہاں بڑے اجتماع کے وقت روح پرور مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔دارالحکومت اسلام آبادمیں 1986 ء میں تعمیرکی گئی شاہ فیصل مسجد کا کل رقبہ 4 لاکھ 66 ہزار 32 مربع فٹ اورلاہور میں 1673 ء میں بنائی گئی بادشاہی مسجد کا کل رقبہ 3 لاکھ 21 ہزار 488 مربع فٹ ہے۔اس طرح مسجدیوسف پاکستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔