18 اگست ، 2023
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کو بتایا ہےکہ حسان نیازی کا کیس ملٹری کورٹ میں چلایا جائےگا، ملزم کو ملٹری کے حوالے کردیا گیا ہے۔
جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد چیئرمین تحریک انصاف کے بھانجے حسان نیازی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت کی، حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں حبس بے جا کی درخواست دائر کی ہے، درخواست گزار نے حسان نیازی کو بازیاب کرکے پیش کرنے کی استدعا کی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ حسان نیازی کی والدین سے ملاقات کرانےکا حکم دیا جائے۔
عدالت نے نےکہا کہ لاء افسر صاحب بتائیں ان کی ملاقات کب کرائی جاسکتی ہے؟
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ اس حوالے سے طریقہ کار کیا ہے اور قواعد کیا ہیں پتہ کرکے بتاسکتا ہوں، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو طریقہ کار کی وضاحت کے لیے مہلت دے دی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حسان نیازی کا کیس ملٹری کورٹ میں چلایا جائےگا، پولیس نے حسان نیازی کو آرمی کے حوالے کر دیا ہے۔
عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق حسان نیازی جناح ہاؤس حملہ کیس کے مرکزی ملزمان میں شامل ہے ، ملزم کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کیا گيا ہے۔
دوسری جانب حسان نیازی کو گرفتاری کے باوجود عدالت میں پیش نہ کیے جانے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ نے 21 اگست کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔