Time 20 اگست ، 2023
کھیل

ایشین والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، بنگلادیش کو 0-3 سے شکست دیدی

میچ کے دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر بنگلا دیش نے پاکستان پر 10-11 پوائنٹس سے برتری حاصل کرلی تاہم پاکستان نے مسلسل 8 پوائنٹس لے مخالف ٹیم کو ایک بار پھر پیچھے چھوڑ دیا— فوٹو: ایشین والی بال چیمئن شپ
میچ کے دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر بنگلا دیش نے پاکستان پر 10-11 پوائنٹس سے برتری حاصل کرلی تاہم پاکستان نے مسلسل 8 پوائنٹس لے مخالف ٹیم کو ایک بار پھر پیچھے چھوڑ دیا— فوٹو: ایشین والی بال چیمئن شپ

ایران میں جاری ایشین والی بال چیمپئن شپ میں بنگلا دیش کو 0-3 سے شکست دے کر پاکستان نے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کرلیا ہے۔

بنگلا دیش کی ٹیم مسلسل دوسری شکست کے بعد ناک آؤٹ راؤنڈ کی دوڑ سے باہر ہوگئی جبکہ پاکستان کی اگلے راؤنڈ تک رسائی یقینی ہوگئی ہے۔

ایران کے شہر ارومیہ میں جاری ایشین والی بال چیمپئن شپ کے گروپ ایف میں بنگلا دیش کے خلاف اپنے پہلے میچ میں پاکستان کااسکور 16-25، 14-25 اور 21-25 رہا، پاکستان نے 0-3 کی برتری سے میچ اپنے نام کیا۔

پہلے سیٹ میں پاکستان نے 4 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ ابتدا کی جس کے بعد بنگلا دیش پہلا پوائنٹ لینے میں کامیاب ہوا، لیکن پھر پاکستان نے مسلسل چار پوائنٹس لیے۔

میچ کے دوران ایک موقع پر پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 12 پوائنٹس سے برتری حاصل ہوگئی تھی تاہم 9 پوائنٹس کے فرق پر پہلا سیٹ ختم ہوا۔

دوسرے سیٹ میں بھی پاکستان کا پلہ بھاری رہا لیکن ایک موقع پر بنگلا دیش کو 10-11 برتری ملی اور یہی پورے میچ کا واحد لمحہ تھا جب مخالف ٹیم کو پاکستان پر برتری حاصل ہوئی تاہم پاکستان نے مسلسل 8 پوائنٹس لے کر بنگلادیشی ٹیم پر ایک بار پھر سبقت حاصل کرلی اور انہیں دوبارہ میچ میں آنے کا موقع نہ دیا۔

تیسرے سیٹ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی مگر وہ کسی بھی موقع پر پاکستان کے خلاف سبقت حاصل کرنے میں ناکام رہا یوں پاکستان نے 0-3 سے میچ اپنے نام کیا۔

پاکستان کی اگلے راونڈ تک رسائی یقینی ہے تاہم جنوبی کوریا کے خلاف پیر کو ہونے والا میچ پاکستان کی پوزیشن اور ناک آؤٹ راؤنڈ میں حریف کا فیصلہ کرے گا۔

مزید خبریں :