24 اگست ، 2023
اسلام آباد: بٹگرام میں کامیاب چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں وزیراعظم آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آپریشن میں حصہ لینے والوں کو اعزازی اسناد پیش کیں۔
تقریب میں کئی گھنٹے چیئرلفٹ میں پھنسے رہنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چیئرلفٹ پھنسنے کی خبر سے پاکستان کے کروڑوں لوگ پریشان تھے، چیئرلفٹ میں بچے دیکھ کر بار بار اپنے بیٹے نورالحق کا چہرہ سامنے آتا رہا، ریسکیوآپریشن میں کوئی کوتاہی ہوجاتی تو بہت بڑا نقصان ہوتا۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو افراد چیئرلفٹ میں پھنسے انہوں نے بتایا کہ پہلے وہ سہمے ہوئے تھے لیکن پھر پاک فوج کو دیکھ کر ان کا ڈر ختم ہوگیا، یہ آپریشن کسی کا کریڈٹ نہیں، اللہ نے ہماری اجتماعی کاوشوں کو دیکھ کر ان افراد کو زندگی بخشی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل بچے ہیں، ہم نے ان بچوں کو بچا کر ملک کے مستقبل کو بچایا، ریسکیو آپریشن کی کامیابی میں ہرپاکستانی کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے دعائیں کیں۔
اس موقع پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) انعام حیدر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ موسمی حالات کو پیش نظر رکھ کر آپریشن جاری رکھا گیا، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو کی صلاحیت بڑھانےکی ضرورت ہے، آپریشن کے اختتام تک تمام ادارے ہمارے ساتھ مانیٹرنگ میں شامل تھے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ تمام اداروں نے ریسکیو آپریشن کے لیے بروقت اقدامات کیے، مربوط حکمت عملی کے تحت ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا، پاکستان ائیرفورس اورپاک آرمی کےکمانڈوز نے آپریشن میں حصہ لیا۔