26 اگست ، 2023
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نعیم پنجوتھا نے توشہ خانہ کیس کا فوری فیصلہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے ایک بیان میں کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سیکشن 426 میں نوٹس جاری کرنےکا ذکر ہی نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پھر کیوں نوٹس جاری کیا؟
نعیم پنجوتھا نے کہا کہ نوٹس ہوبھی گیا تو ریکارڈ طلبی کے لیے دوبارہ طویل نوٹس کیوں جاری کیا؟ ہائیکورٹ نے سماعت مقرر ہونےکے باجود کیوں 2 دن کا مزید ٹائم دیا؟
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس جان بوجھ کر لٹکایا جارہا ہے اس پر فوری فیصلہ دینا چاہیے، اس کیس میں قانون و انصاف کا قتل کیاجارہا ہے، آئین معطل ہوچکا ہے۔
ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی عدم پیشی کے باعث عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
جمعہ کے روز سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے تھے کہ ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا، ہم اس کو پیر تک ملتوی کرتے ہیں اور اگر کوئی نا بھی آیا تو فیصلہ کردیں گے۔
تاہم اس کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل لطیف کھوسہ سماعت ملتوی کیے جانے پر ناراض ہوئے اور پیر کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی دھمکی دی۔