26 اگست ، 2023
ایشیاکپ اور ورلڈکپ سے قبل پاکستان ٹیم ایک بار پھر ون ڈے کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے، پاکستان ٹیم نے یہ کارنامہ افغانستان کے خلاف سیریز میں تین ۔ صفر کی جیت کے ساتھ انجام دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف تین میچز کی سیریز سے قبل 116 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر تھی۔
سیریز میں تین۔ صفر کی فتح پاکستان کو نمبر ون پوزیشن پر لے آئی ہے، اب پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 119 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگیا ہے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور بھارت 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان ٹیم دوسری مرتبہ ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آئی ہے، پاکستان نے اس سال مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیت کر تاریخ میں پہلی بار ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس سال 11 میں سے 8 ون ڈے میچز جیتے ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا ون ڈے اسائنمنٹ ایشیاکپ ہے۔
پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نمبر ون ٹیم بننا پاکستان کی محنت اور شاندار کھیل کا نتیجہ ہے۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمارے شائقین کا جوش و جذبہ ٹیم کے حوصلے بڑھانے میں مثالی رہا ہے، یقین ہے پاکستان ٹیم ایشیا اور ورلڈکپ میں بھی اس پوزیشن کو برقرار رکھے گی۔