07 جنوری ، 2013
نیویارک…امریکا، شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد اور متعدد ملکوں نے شامی صدر بشار الاسد کی طرف سے پیش کردہ مصالحتی منصوبہ رد کر دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے اسد کو اقتدار سے الگ ہو جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے گزشتہ روز پیش کیا گیا یہ منصوبہ حقیقت سے دور ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کے مطابق صدر اسد کی تقریر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوشش میں ہیں۔ شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد کے نائب صدر جورج صابرا نے بھی اسد کی تقریر کو حقائق سے دور قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اصلاحات کے نام پر خالی وعدوں سے اب مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ یورپی یونین نے بھی کہا ہے کہ بشار الاسد کو حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سیاسی تبدیلی کو راستہ دینا چاہیے۔