28 اگست ، 2023
سندھ ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو سابق صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ کی گرفتاری سے روک دیا۔
سابق صوبائی وزیر مکیش کمارکی جانب سے محکمہ خوراک اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ہونے والی نیب انکوائریز میں گرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔
مکیش کمار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نیب کی جانب سے ابھی تک کال اپ نوٹس موصول نہیں ہوا، میڈیا کے ذریعے نوٹس کا معلوم ہوا ہے لہٰذا خدشہ ہے کہ کہیں نیب گرفتار نہ کرلے۔
عدالت نے نیب کو مکیش کمار کی گرفتاری سے روک دیا اور ان کی 12 ستمبر تک کی حفاظت منظور کر لی۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ میکش کمار کو محکمہ خوراک اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی انکوائریز میں گرفتار نہ کیا جائے اور مکیش کمار نیب کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کریں۔
عدالت نے نیب حکام سے آئندہ سماعت پر انکوائری کی تفصیلات طلب کرلیں۔