29 اگست ، 2023
پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہےکہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز پرویز خٹک کا 9، 10 مئی واقعات سے متعلق دیا گیا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
اس بیان میں پرویز خٹک نے بتایا کہ جس وقت ہماری حکومت کا خاتمہ کیا گیا تو توڑپھوڑ کا منصوبہ بنایا گیا، نوجوانوں سے حلف بھی لےلیا گیا تاکہ ایک فورس تیار ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کیلئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، خیبرپختونخوا میں بنائی گئی ٹیم میں مراد سعید اور علی امین گنڈاپور شامل تھے۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور جیل بھرو تحریک کا مقصد لاٹھی چارج اور جیلوں میں ڈالنے کا خوف ختم کرنا تھا، فوج کے خلاف ایسا حملہ ملک کی توہین ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان فرعون تھا وہ تاحیات ملک کا بادشاہ رہنا چاہتا تھا۔