07 جنوری ، 2013
لاہور … پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ زربابا 40 چوروں نے ملک میں لوٹ مار مچا رکھی ہے ، کچھ امپورٹڈ لوگوں میں 5 سال بعد قوم کا درد جاگ اٹھا ہے اور کرپشن کی باتیں کر رہے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی لاء کالج میں طلبا اور طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کاکہنا تھا کہ پنجاب حکومت صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی وظائف دے رہی ہے ، جب تک پوری قوم ملکی تعمیرو ترقی کے عمل میں شریک نہ ہو اس وقت تک خوشحالی کا سفر مکمل نہیں ہو سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب لاہور میں ڈینگی اور جنوبی پنجاب میں سیلاب نے تباہی مچائی، تو اس وقت کسی کو ملک اور عوام کی یاد نہ ستائی، آج 5 سال بعد کرپشن ضرور یاد آگئی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ عرصے سے کینسر کا مقابلہ کر رہے ہیں ، علاج پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں مگر رکن اسمبلی یا وزیراعلیٰ پنجاب ہونے کے باوجود اپنے علاج کیلئے سرکاری خزانے سے کبھی کچھ نہیں لیا، کچھ لوگ تو سر درد کی معمولی گولی کے بھی پیسے وصول کر لیتے ہیں ۔