07 جنوری ، 2013
مانسہرہ … کوہستان ویڈیو اسکینڈل میں لڑکے کے 3 سگے بھائیو ں کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے مرکزی ملزم مولوی جاوید سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈی آئی جی ہزارہ ڈاکٹر نعیم کے مطابق کوہستان وڈیو میں نظر آنے والے نوجوان افضل کے 3 سگے بھائیوں شاہ فیصل، شیر ولی اور رفیع الدین کو مخالفین نے گزشتہ ہفتے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم مولوی جاوید ، مولانا نور الحق، بصیر اور موسم خان کو حسن ابدال سے گرفتار کرلیا ہے۔ کوہستان کی تحصیل پالس سے مئی 2012ء میں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں 5 لڑکیاں تالیاں بجا رہی تھیں اور 2 لڑکے رقص کررہے تھے۔ لڑکیوں کا تعلق سرم خیل اور لڑکوں کا تعلق سنی خیل قبیلے سے تھا۔ وڈیو میں نظر آنے والی 5 لڑکیوں کے قتل کی خبروں پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا، تاہم تحقیقاتی ٹیم نے پانچوں لڑکیوں کے زندہ ہونے کی رپورٹ پیش کی تھی۔