07 جنوری ، 2013
اسلام آباد … ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ خوشگوار تحائف دینا ایم کیو ایم کی روایت رہی ہے، الطاف حسین کا ڈرون دھماکا بھی خوشگوار حیرت کا تحفہ ہوگا، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، اگر عوام سے خطاب کے دوران اداروں کے وقار میں کمی آئی ہو تو اس کو واپس لینا چاہئے۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم عدلیہ کا احترام اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ہمیشہ ریاستی اداروں کے وقار کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ جو حکمت عملی بنا کر جارہے ہیں عدالتی تاریخ میں یادگار واقعہ ہوگی، عدالت عظمیٰ اور ججز کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے معافی نامے کو قبول کرتے ہوئے فوری فیصلہ کیا اور توہین عدالت کا نوٹس خارج کردیا۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگر عوام سے خطاب کے دوران اداروں کے وقارمیں کمی آئی ہوتو اس کو واپس لیناچاہئے۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشگوار تحائف دینا ایم کیو ایم کی روایت ہے، الطاف حسین کا ڈرون دھماکا بھی خوشگوار حیرت کا تحفہ ہوگا۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر اور توہین عدالت کیس میں الطاف حسین کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے میڈای سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدالت عظمی نے اپنے فیصلے میں نئی حلقہ بندیاں قانون کے مطابق کرنے کی ہدایت کی ہے۔