08 جنوری ، 2013
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی زد میں ہیں۔بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بندش سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ سردی کو بھگانے کیلئے جلانے کی لکڑی اور گیس سلنڈر مہنگے ہوگئے۔گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو،ہنزہ نگر،دیامر،استور اور غذر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔استور کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد رابطہ سڑکیں اب تک نہیں کھولی جاسکی ہیں۔ سرد موسم نے عطا آباد کی جھیل،نلوں اور سڑکوں کے کنارے پانی کو بھی جما دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17 ڈگری رکارڈ کیاگیا ہے۔مالاکنڈ ،ہزارہ،آزادکشمیر اور قبائلی علاقوں میں بھی سردی کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ،جس کے بعد سردی کم کرنے کیلئے جلانے کی لکڑی اور گیس سیلنڈرز کی قمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند کا راج ہے ، مظفر گڑھ میں دھند کے باعث مسافر کوچ الٹ گئی ، جس سے چھ افراد زخمی ہوگئے۔