06 ستمبر ، 2023
پولیس انسپکٹر کی عدالت میں مسلسل غیر حاضری پر جج نے آئی جی سندھ کو شکایت کر دی جس پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے ایس ایچ او موچکو کو معطل کرکے سینٹرل پولیس آفس سندھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سی پی او عاصم خان قائم خانی نے کراچی کے ضلع کیماڑی کے موچکو تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر شاہد محمود چوہدری کو معطل کر کے سینٹرل پولیس آفس سندھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او چوہدری شاہد محمود اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل کے روبرو پیشی پر نہیں گئے اور مسلسل غیر حاضر رہے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو شکایت کی تھی جس کے بعد عدالتی تحریری احکامات پر کارروائی کی گئی۔
عام طور پر پولیس انسپکٹرز کو ان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر یا پولیس رینج رپورٹ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے مگر شاہد محمود کا تبادلہ سینٹرل پولیس آفس کیا گیا ہے۔