بھارت میں شوہر نے بیوی کو سالگرہ پر چاند پر پلاٹ تحفے میں دے دیا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بیوی کو خوش کرنے کے لیے اس کی سالگرہ پر دنیا بھر کے شوہر مختلف قسم کے سرپرائز اور  تحائف دیتے ہیں لیکن حال ہی میں بھارت میں شوہر نے بیوی کو ایک ایسا  تحفہ دیا جس نے اہلیہ کو حیران کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے سنجے نے شادی کے بعد بیوی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اسے چاند پر پلاٹ تحفے میں دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  سنجے کی رواں سال اپریل میں شادی ہوئی،تاہم شادی کے بعد بیوی کی پہلی سالگرہ پر سنجے نے اپنی بیوی کیلئے چاند پر ایک ایکڑ کا پلاٹ خریدا اور تحفے میں دے دیا۔

سنجے کا کہنا ہے کہ میں نے شادی سے پہلے مذاق میں ہی اپنی ہونے والی بیوی سے وعدہ کیا تھا کہ میں اس کے لیے چاند لے کر آؤں گا تاہم یہ تو ممکن نہیں البتہ میں نے سالگرہ پر اسے چاند پر پلاٹ تحفے میں دینے کا  فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے دوست کی مدد سے میں نے لونا سوسائٹی انٹرنیشنل کے ذریعے چاند پر ایک ایکڑ کا پلاٹ 10 ہزار روپے میں خریدا۔ اس سارے عمل کو مکمل ہونے میں تقریباً ایک سال لگا۔ 

واضح رہے کہ چاند کے حصے کی ملکیت عملی طور پر ممکن نہیں ہے، لیکن کئی ویب سائٹس چاند کے  ٹکڑے بیچتی ہیں اور اسے خریدنے والے  افراد کو 'اعزازی سرٹیفکیٹ' فراہم کرتی ہیں۔ 

بھارت میں چاند کا ٹکڑا تحفے میں دینے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل 2020 میں راجستھان سے تعلق رکھنےو الے شخص نے اپنی بیوی کو  شادی کی سالگرہ پر چاند پر 3 ایکڑ کا پلاٹ تحفے میں دیا تھا۔

اس کے علاوہ نیرج کمار نامی شخص نے بھی اپنی سالگرہ کے موقع پر چاند پر ایک ایکڑ کا پلاٹ خریدا تھا۔

یہی نہیں بلکہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت چاند پر پلاٹ کے مالک ہیں۔ 

 شاہ رخ خان چاند پر ایک مخصوص حصے کے مالک ہیں، جسے 'Sea of Tranquility'کہا جاتا ہے۔ دراصل چاند کا یہ حصہ شاہ رخ خان کی ایک آسٹریلوی خاتون مداح نے انہیں تحفے میں دیا ہے۔ 

واضح رہے کہ 23 اگست کو بھارت کا مشن چندریان 3 کامیابی سے چاند کے تاریک حصے پر اترا جس کے ساتھ ہی بھارت چاند کے تاریک حصے پر لینڈ کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔

مزید خبریں :