Time 08 ستمبر ، 2023
پاکستان

سرمایہ کاری کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، معاشی اور انتظامی چیلنجز پر غور

اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلینجز کے مقابلے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کیا گیا: اعلامیہ— فوٹو: پی آئی ڈی
اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلینجز کے مقابلے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کیا گیا: اعلامیہ— فوٹو: پی آئی ڈی

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں معاشی اور انتظامی چیلنجز پر غور کیا گیا اور  ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کیا گیا۔

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف، نگران وفاقی کابینہ اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔

اجلاس کو سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کےسدباب کیلئے لائحہ عمل اور ریگولیشن کو مؤثر اور تیز  بنانے کے جامع پلان پر بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق معاشی و انتظامی چیلینجز کے مقابلے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کیا گیا، معاشی ترقی کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ نگران وزیرِاعظم نے اجلاس میں اقدامات کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ اقدامات پرعمل درآمد معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے اور وزرا ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ قلیل مدت کے باوجود معاشی منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے، اقدامات سے منتخب حکومت کو معیشت بحالی پروگرام پر عمل درآمد میں آسانی ہوگی۔

دوسری جانب اس حوالے سے نگران وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ  خصوصی سرمایہ کاری کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری بڑھاناہے، نجکاری، ایف بی آر کی ری اسٹرکچرنگ، گردشی قرض کم کرنا ایجنڈےمیں شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈالر، چینی اورپیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پربات ہوئی، عالمی معاہدوں کو جاری رکھیں گے، جن معاہدوں سے نقصان ہورہا ہے اس پر بات ہوئی۔

مزید خبریں :