Time 09 ستمبر ، 2023
جرائم

کوئٹہ: انتظامیہ کی سریاب روڈ پرکارروائی، گودام سے سیکڑوں ٹن چینی برآمد

کارروائی میں اسمگل شدہ 5000 پلاسٹک بیگ کے کارٹن اور 1000 کین آئل بھی برآمد کیے گئے: انتظامیہ/ فائل فوٹو
کارروائی میں اسمگل شدہ 5000 پلاسٹک بیگ کے کارٹن اور 1000 کین آئل بھی برآمد کیے گئے: انتظامیہ/ فائل فوٹو

کوئٹہ: ضلعی انتظامیہ نے سریاب روڈ پر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں چینی برآمد کرلی۔

انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ کے سریاب روڈ پر کارروائی کے دوران 3گوداموں پر چھاپے مارے گئے جہاں سے  300 ٹن چینی برآمد کی گئی۔

انتظامیہ کا بتانا ہےکہ کارروائی میں اسمگل شدہ 5000 پلاسٹک بیگ کے کارٹن اور 1000 کین آئل بھی برآمد کیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کے مطابق کارروائی میں کریم، چاکلیٹ، بسکٹ اور دیگربیکری آئٹمز بھی برآمد کیے گئے جب کہ اس دوران 10 افراد کو گرفتارکرکے تھانےمنتقل کردیاگیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سریاب میں ہی ضلعی انتظامیہ نے گودام پر چھاپا مار کر ذخیرہ کی گئی چینی اور یوریا کے 15 ہزار تھیلے برآمد کیے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کا بتانا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں چھاپا مار ٹیم نے سریاب کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے چینی کے 50 کلو والے 8 ہزار، یوریا کھاد کے 7 ہزار تھیلے اور اسمگل کی گئی ممنوعہ اشیاء کے 4 ہزار تھیلے برآمد کیے۔

واضح رہے کہ نگران حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو امریکی ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اختیارات تفویض کردیے ہیں۔

مزید خبریں :