Time 09 ستمبر ، 2023
پاکستان

کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کا گودام پر چھاپا، چینی اور یوریا کے ہزاروں تھیلے برآمد

برآمد کی گئی اشیا کی قیمت تقریباً 20 کروڑ روپے ہے، برآمد ہونے والی چینی سرکاری نرخ پر نیلام کی جائے گی: ضلعی انتظامیہ— فوٹو: فائل
برآمد کی گئی اشیا کی قیمت تقریباً 20 کروڑ روپے ہے، برآمد ہونے والی چینی سرکاری نرخ پر نیلام کی جائے گی: ضلعی انتظامیہ— فوٹو: فائل

کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ضلعی انتظامیہ نے گودام پر چھاپا مار کر ذخیرہ کی گئی چینی اور یوریا کے 15 ہزار تھیلے برآمد کرلیے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں چھاپا مار ٹیم نے سریاب کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے چینی کے 50 کلو والے 8 ہزار، یوریا کھاد کے 7 ہزار تھیلے اور اسمگل کی گئی ممنوعہ اشیا کے 4 ہزار تھیلے برآمد کرلیے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گوادم کو سیل کرکے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

 انتظامیہ کا کہنا تھا کہ برآمد کی گئی اشیا کی قیمت تقریباً 20 کروڑ روپے ہے، برآمد ہونے والی چینی سرکاری نرخ پر نیلام کی جائے گی۔

واضح رہے کہ نگران حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو امریکی ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اختیارات تفویض کردیے ہیں۔

نگران وزیرِ داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد ایف آئی اے کو کارروائیوں کے احکامات جاری کیے گئے جس کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔

مراسلے کے مطابق امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی کی تمام ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کارروائی کرسکے گی۔

مزید خبریں :