23 سال سے ایک جیسا لباس زیب تن کرنیوالی جڑواں بہنیں

فوٹو: برطانوی میڈیا
فوٹو: برطانوی میڈیا

برطانیہ میں جڑواں بہنوں کا ایک ایسا جوڑا بھی ہے جو حیران کن طور پر گزشتہ 23 سال سے ایک جیسا لباس زیب تن کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ سے  تعلق رکھنے والی 69 سالہ روزی کولز اور کیتھی ہیفرنن گزشتہ 23 سال سے جب بھی گھر سے  باہر جاتی ہیں تو دونوں ایک جیسے کپڑے پہنتی ہیں۔

یہی نہیں بلکہ دونوں جڑواں بہنوں کے ہیر اسٹائل اور چشمے بھی ایک طرح کے ہوتے ہیں۔ 

فوٹو: برطانوی میڈیا
فوٹو: برطانوی میڈیا

 روزی اور کیتھی جب 13 سال کی تھیں تب سے وہ اکثر ایک جیسے ہی کپڑے پہنتی تھیں لیکن جب دونوں کی شادی ہوئی تو یہ سلسلہ رُک گیا۔روزی نے 1974 جبکہ کیتھی نے اس کے 3 سال بعد شادی کی۔

تاہم سن 2000 میں دونوں جڑواں بہنوں کی اپنے شوہروں سے علیحدگی ہوئی جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے قریب رہنے کا فیصلہ کیا، یہی وجہ ہے کہ روزی اورکیتھی دونوں پڑوسی ہیں۔

فوٹو: برطانوی میڈیا
فوٹو: برطانوی میڈیا

رپورٹ کے مطابق دونوں جڑواں بہنوں کے گھر بھی تقریباً ایک جیسے نظر آتے ہیں جبکہ دیواروں کا رنگ بھی ایک ہی ہے۔ 

باہر گھومنے جانا ہو، شاپنگ کرنی ہو یا پھر دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا ہو، دونوں جڑواں بہنیں ہمیشہ ایک جیسے کپڑے زیب تن کیے نظر آتی ہیں۔

روزی کے مطابق ہمارے پاس 50 سے زائد ایک جیسے سوٹ ہیں جبکہ اس کے علاوہ ہم نئے کپڑے بھی خریدتے رہتے ہیں۔ ہمیں ایک جیسے کپڑے پہننا اچھا لگتا ہے۔


مزید خبریں :