Time 12 ستمبر ، 2023
پاکستان

سانحہ بلدیہ میں سزا یافتہ عبدالرحمان بھولا اور زبیر چریا بےگناہ ہیں: خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کےکنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نےکہا ہےکہ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں سزا یافتہ عبدالرحمان بھولا اور  زبیر چریا بے گناہ ہیں، ایم کیو ایم دونوں کا آخر وقت تک ساتھ دےگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک سانحے کے 12 سال کی تاخیر سے فیصلہ سنایا گیا اور ایم کیو ایم کے دو بے گناہ کارکنان کو سزائے موت سنائی گئی، ایم کیو ایم اپنے کارکنان کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور اس فیصلےکے خلاف  عدالتوں کے ساتھ ساتھ ہر فورم پر آواز  اٹھائےگی۔

انہوں نے سانحہ بلدیہ کیس میں عدالتی کمیشن بنانےکا مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ اگر اس سانحہ کا کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا ہے تو وہ اس فیکٹری کے مالکان ہیں، سانحے میں شہید ہونے والے اور بچانے والے ایم کیو ایم کے لوگ ہیں، حماد صدیقی کہاں ہے؟ یہ عدالت کو  پتا ہونا چاہیے، اپنے لاپتہ کارکنان کو بازیاب کرانے ایم کیو ایم پاکستان عدالتوں میں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر فیصلے میں کہا گیا ہےکہ یہ واقعہ ایم کیو ایم قیادت کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا تو  پھر انہیں سزائے موت دی جائے ان دو کارکنان کو کیوں سزائے موت دی؟

ان کا کہنا تھا کہ ایک چرس پینے والے چرسی کی گواہی پر جے آئی ٹی چل رہی ہے، سانحہ بلدیہ  میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے وکیل نے خود اپنی کتاب میں اسے حادثہ  اور مالکان کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :